کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، صدر مملکت

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان کے موقع پر سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ حصول پاکستان کا مقصد جدید اسلامی فلاحی ریاست کا قیام تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایسی مملکت کا قیام بھی ضروری تھا جہاں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہوں اور آج مساوات، قانون و انصاف کے عہد کی تجدید کرتے ہیں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلمانوں پر جبر و تشدد کیا جارہا ہے۔ اسلامو فوبیا اور افغانستان اہم موضوع ہیں۔ اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا کے حوالے سے پاکستان اور او آئی سی نے بھرپور کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال 15 مارچ کو اسلامو فوبیا کے حوالے سے دن منایا جائے گا۔ جنوبی ایشیا میں امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم ہیں لیکن ہم ذمہ دار ایٹمی قوت ہیں اور تمام ممالک کے ساتھ امن چاہتے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے تمام ادارے جمہوریت کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں اور پرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر قائم ہیں۔ کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ، اندرونی اور بیرونی سازشوں کا بھرپور مقابلہ کیا جس کے لیے مسلح افواج اور پوری قوم مبارک باد کے مستحق ہیں۔ قومی مفادات کے لیے قائد کے اصول اتحاد، تنظیم اور یقین کو یاد رکھنا ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں