وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے اپنے غیر جمہوری طرز عمل کو بے نقاب کر دیا ہے، عوام بخوبی جانتے ہیں کہ انتشار کون پھیلا رہا ہے اور بے لوث خدمت کون کر رہا ہے۔
وزیراعلی پنجاب سے ایوان وزیراعلی میں صوبائی وزیر اسد کھوکھر، ارکان اسمبلی غضنفر عباس چھینہ، سردار شہاب الدین، حنیف پتافی، غزین عباسی، نذیر احمد خان اور سید افتخار گیلانی نے ملاقاتیں کیں، اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھاکہ عاقبت نااندیش عناصر صرف سیاست برائے اقتدار کیلئے ملک و قوم کی تقدیر کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔ موجودہ حالات میں ملک کسی بھی انارکی یا افراتفری کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
ملک کو استحکام کی ضرورت ہے، انتشار کی نہیں۔ کسی کو ملک کے تابناک مستقبل سے نہیں کھیلنے دیں گے۔ چیف وہپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔