کراچی کے جناح اسپتال میں پانی کی قلت، مریض پریشان، ڈائلیسسز کیلئے آنے والے مریض بھی رُل گئے اور ڈائلیسس روک دیے گئے۔ مریضوں کیلئے وارڈز اور واش روم میں بھی پانی دستیاب نہیں۔
کراچی کے سرکاری جناح اسپتال میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔ پانی نہ ہونے کے باعث مریض پریشان ہیں جبکہ انتظامیہ نے آپریشن اور ڈائلیسس بھی روک دیے ہیں۔ اسٹاف کالونی میں بھی پانی کی عدم فراہمی پریشانی میں اضافہ کررہی ہے۔
کراچی میں صوبے کے سب سے بڑے 2200 سے زائد بستروں پر مشتمل جناح اسپتال میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی۔ متعدد واڈز میں پانی نہ ہونے کے باعث مریض اور تیماردار پریشان ہوگئے۔
اسپتال کو گزشتہ دو روز سے پانی کی قلت کا سامنا ہے جس کے باعث آج ہونے والے آپریشنز ملتوی کردیے جبکہ ڈائلیسس کیلئے آنے والے مریض بھی رُل گئے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق اسپتال کو پانی دینا واٹر بورڈ کی ذمہ داری ہے۔ اسپتال کو یومیہ 7 لاکھ گیلن پانی درکار ہے لیکن ہفتے کی شام سے واٹر بورڈ کی جانب سے پانی فراہم نہیں کیا جارہا۔ اسپتال میں موجود پانی بھی ختم ہوچکا ہے جبکہ قلت کو فوری پورا کرنے کیلئے ٹینکرز منگوائے جارہے ہیں۔
دوسری جانب ترجمان واٹر بورڈ نے کہا ہے کہ تکنیکی خرابی کے باعث معطل ہونے والی پانی کی لائن اب بحال کردی گئی ہے۔