چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عوامی مارچ میں اپنی ہمشیرہ آصفہ سے ڈرون ٹکرانےکے واقعے پر آئی ایس آئی اور انٹیلی جنس اداروں سے تحقیقات کرنےکا مطالبہ کر دیا۔
اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بہت ہی شاندار عوامی مارچ تھا، ہم پاکستان کے جس شہر سےگزرے عوام کی بڑی تعداد نے ہمارا شاندار استقبال کیا جو اس بات کا ثبوت ہےکہ عوام نے اس غیر جمہوری حکومت کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔
اس موقع پر بلاول کا کہنا تھا کہ آصفہ بی بی سے کیمرے والے ڈرون کا ٹکرانا ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے لیے پیغام تھا، آئی ایس آئی سے درخواست کروں گا کہ اس معاملے کی تحقیقات کرے، دیگر ایجنسیز سے بھی درخواست کروں گا کہ تحقیقات کریں، اس معاملے پر ہمیں حکومت پر اعتماد نہیں ہے۔
خیال رہے کہ 4 مارچ کو خانیوال میں پاکستان پیپلزپارٹی کے عوامی مارچ میں کنٹینر پر کھڑی آصفہ بھٹو زرداری سے نجی ٹی وی چینل کا کیمرے والا ڈرون ٹکرا گیا تھا جس سے وہ زخمی ہوگئی تھیں۔
ڈرون کیمرہ لگنےکے فوراً بعد بلاول بھٹو آصفہ کو لے کر کنٹینر کے اندر چلے گئے تھے جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی جس کے بعد ایمبولینس کے ذریعے بلاول ہاؤس ملتان بھیج دیا گیا جہاں ان کے زخم پر 5 ٹانکے آئے تھے۔
بعد ازاں بلاول بھٹو زرداری نے نجی ٹی وی کے ڈرون آپریٹر سے ملاقات کے بعد اسے معاف کر دیا تھا جب کہ سکیورٹی پر تعینات پولیس نے بھی ٹی وی چینل کی ڈی ایس این جی وین اور عملے کو چھوڑ دیا تھا۔