کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم! جو کرنا ہے کرلو، 3 سے 4 دن ہیں۔ انہوں ںے کہا کہ اس کے بعد پھر کوئی بھی بندہ پاس نہیں ہوگا۔
نجی ٹی وی کے مطابق سندھ اسمبلی کے باہر ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے گھبرانے کا وقت شروع ہو گیا ہے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ نو منتخب سینیٹر نثار کھوڑو اور صوبائی وزیراطلاعات و نشریات سعید غنی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
انہوں ںے انکشاف کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چار اراکین نے پیپلزپارٹی کو ووٹ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین اراکین کو فلور کراسنگ کی اجازت دیتا ہے لیکن اس کے اپنے نتائج ہیں۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ تحریک انصاف نے صرف انتقامی سیاست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے جو کرنا تھا کرلیا، اب ہمارا وقت ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی،عمران خان کے پاس زیادہ دن نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے الفاظ میں مایوسی جھلک رہی تھی اور بیانات بتا رہے ہیں کہ آپ کے گھبرانے کا وقت شروع ہو گیا ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیراعظم مایوس نہ ہوں،عوام سے معافی مانگیں۔ انہوں نے کہا کہ اہم اجلاس ہوتاہے لیکن اس میں بھی کرکٹ کی باتیں ہوتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو کہتا ہوں کہ ہر چیز کرکٹ نہیں ہوتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ عمران خان جب تک وزیراعظم ہیں مجھے بلائیں گے توضرورجاؤں گا۔