پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر اتفاق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک امریکا تجارت اور سرمایہ کاری فریم ورک ایگریمنٹ کے تحت مشترکہ اجلاس کا انعقاد ہوا۔
سیکرٹری کامرس محمد صالح احمد فاروقی اور امریکی تجارتی نمائندہ برائے جنوب و وسطی ایشیا مسٹر کرسٹوفر ولسن نے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔
کرسٹوفر ولسن نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور مضبوط تعلقات کا اعتراف کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔
اجلاس میں پاکستان اور امریکا نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر بات چیت کی اور فریقین نے تجارتی و کاروباری تعلقات کی بحالی اور احیاء پربھی اتفاق کیا۔
اجلاس میں زراعت، ٹیکسٹائل اور صحت کے شعبوں میں تعاون سمیت ڈیجیٹل تجارت اور ای کامرس کو فروغ دینے پر بھی بات چیت کی گئی۔
حقوق دانش کے تحفظ، مزدوروں کے حقوق اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے متعدد امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تجارتی و اقتصادی تعاون بڑھانے کے لیے اقدامات کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔