وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ڈویلپمنٹ پر اجلاس ہوا جس میں انہوں نے کراچی کے ہر ضلع میں یوتھ سینٹر تعمیر کرنے کی ہدایت دے دی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ یوتھ سینٹر میں پارک، لائیبریری، جم، اسپورٹس گراؤنڈز، سیٹنگ پلیس اور ٹک شاپ ہونگی، ہمیں اپنے نوجوانوں کو بہترین ماحول دینا ہے تاکہ ان کی سرگرمیاں تعمیری رہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے پی اینڈ ڈی کو اسکیم فوری مکمل کرنے کی بھی ہدایت دے دی ہے، انہوں نے کہا کہ اس سال کراچی کی اے ڈی پی 96 بلین روپے کی ہے، 96 بلین روپے میں سے 644 اسکیموں کیلئے 56.5 بلین روپے مختص کیے گئے ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم 35 بلین روپے فارن فنڈڈ اسکیموں کے لئے دیئے ہیں جو 215 بلین روپے کی لاگت سے شروع کی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 5 بلین روپے لوکل اے ڈی پی کیلئے دئے گئے ہیں جو کے ایم سی، ڈی ایم سیز کے ذریعے شروع کی گئی ہیں جبکہ 1348 اسکیموں کیلئے 17.53 بلین روپے 17 ڈسمبر 2021 تک رلیز کر چکا ہوں۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کو کراچی کے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بریفنگ دی۔
مرتضیٰ وہاب نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ لیاری میں سڑکوں کی تعمیر آخری مرحلے میں ہیں، شیر شاہ روڈ کی تعمیر کے لئے ٹینڈر جاری ہونے والے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقبال پارک ایف بی ایریا 6 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے اور لیاری کی 3 سڑکوں پر کام تیزی سے جاری ہے، اورنگی لائن کیلئے بسیں مارچ کے آخر تک آجائیں گی، بی آر ٹی کے بس اسٹاپس پر کام جاری ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ککری گراؤنڈ 6 ماہ میں مجھے مکمل چاہئے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ ککری گراؤنڈ میں پولین اور گراؤنڈ کا کام مکمل کردینگے اور بوٹ بیسن فوڈ اسٹریٹ کی تعمیر کا کام شروع کیا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شیرپاؤ کالونی کے کاموں کیلئے مشینری موبیلائیز کی جارہی ہے، مہران ہائی وے پر بھی کام شروع کرنے کیلئے ضروری مشینری کی موبیلائیز کر رہے ہیں۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی نے وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ مچھلی چوک لیاری پر بھی سڑک پر کام شروع کردیا ہے۔
واضح رہے کہ اجلاس میں چیف سیکریٹری، ایڈمنسٹریٹر کراچی، پرنسپل سیکریٹری فیاض جتوئی، سیکریٹری خزانہ ساجد جمال ابڑو، پی اینڈ ڈی کے فیصل عقیلی، ٹیکنیکل ممبر فتاح تنیو اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔