لاہور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ہر ماہ بیرون ملک سے ایک ارب ڈالر قرض لے رہی ہے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) اور عوام دونوں کو دھوکہ دے رہی ہے اور دعا ہے کہ عمران نیازی پیکج پر آنے والے دنوں میں یوٹرن نہ لیں۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت کم ہوئی ہے تو مہنگائی میں کمی کیوں نہیں ہوئی؟ کالی کمائی کرنے والوں پر کرم، عوام پر کالے قانون اور مہنگائی کا ستم کیوں؟
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ غیرملکی قرض نے معیشت اور معاشی ماہرین کو ہلا کر رکھ دیا ہے جبکہ حکومت ہر ماہ بیرون ملک سے ایک ارب ڈالر قرض لے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اتنا قرض کسی حکومت نے پاکستانیوں پر نہیں لادا جتنا اس حکومت نے 3 سال میں لاد دیا۔ پیٹرول کی قیمت نہ بڑھانے کا اعلان کر کے بجلی کی قیمت کیوں بڑھائی جا رہی ہے؟