ہم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، چوہدری برادران اور وزیر اعظم ملاقات کی اندرونی کہانی

وزیراعظم عمران خان کی چوہدری برادران سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے حکومتی اتحادی ق لیگ کی قیادت سے لاہور میں وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق دوران ملاقات چوہدری برادران نے ڈٹ کر وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑے رہنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ 14 سال بعد شہباز شریف کو ہمارا خیال آگیا، اپوزیشن لیڈر کو بتادیا کہ عدم اعتماد کامیاب نہ ہوئی تو عمران خان پہاڑ ہیں اور ہم دب جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو چوہدری برادران نے بتایا کہ ایسی چال کا کیا فائدہ ہے؟ جس کی کامیابی کا کوئی چانس ہی نہ ہو۔

ذرائع کے مطابق چوہدری برادران نے وزیراعظم سے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ سیاست کریں گے، عدم اعتماد کی باتیں افسانے ہیں۔

دوران گفتگو وزیراعظم نے حکومت کی اہم اتحادی جماعت کی قیادت کو اپنے دورہ روس اور چین پر اعتماد میں لیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے چوہدری برادران سے گفتگو میں کہا کہ بہت لوگ کہہ رہے تھے آپ روس نہ جائیں، جن سے میں نے کہا کہ اب دورہ منسوخ کرنا نامناسب ہوگا۔

چودھری شجاعت کا کہنا تھا کہ آپ کا دورہ انتہائی اہمیت کا حامل تھا جس کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی لاہور میں حکومتی اتحادی چوہدری برادران کے ساتھ ہونے والی ملاقات 30 منٹ سے زائد تک جاری رہی۔

چوہدری برادران کی رہائش گاہ آمد پر وزیراعظم عمران خان کا استقبال پرویز الہٰی، راسخ الہٰی اور شافع حسین نے کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں