اساتذہ کی اچھی تربیت ہمارے بچوں کے اچھے مستقبل کی ضامن ہے، مراد راس

صوبائی وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا ہے کہ اساتذہ کی اچھی تربیت ہمارے بچوں کے اچھے مستقبل کی ضامن ہے۔

تفصیلات کے مطابق مراد راس نے قائد ہیڈ کوارٹر لاہور میں منعقدہ تقریب میں بطورِ مہمان خصوصی شرکت کی، تقریب کا انعقاد اساتذہ و ایجوکیٹرز کی انگریزی بطورِ مضمون کی جدید تربیت کے آغاز کے حوالے کیا گیا۔

مراد راس کا کہنا تھا کہ اساتذہ اور ایجوکیٹرز کو انگریزی بطورِ مضمون کی خصوصی تربیت دی جائے گی، برٹش کانسل کے تعاون سے اساتذہ اور ایجوکیٹرز کی انگریزی بطور مضمون کے حوالے ٹریننگز 2022 سے 2025 تک جاری رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی ٹریننگ محکمہ تعلیم پنجاب کے آن لائن پلیٹ فارم لرننگ مینیجمینٹ سسٹم کے تحت کی جائے گی، ٹریننگ میں کُل پانچ کورسز شامل ہوں گے اور ہر کورس 6 ہفتوں میں مکمل ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ انگریزی بطور مظمون تربیتی پروگرام سے 1 لاکھ 8 ہزار اساتذہ مستفید ہوں گے، اساتذہ کی اچھی تربیت ہمارے بچوں کے اچھے مستقبل کی ضامن ہے، جب حکومت سنبھالی تو اساتذہ کو مختلف طرح کے دفتری امُور میں الجھا کر رکھا جاتا تھا۔

مراد راس نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے جو کام گزشتہ چند سالوں میں ہوئے ان کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی، آج صوبے بھر کے اساتذہ اپنے تبادلے، چُھٹیاں، ریٹائرمنٹ، اے سی آرز، پی ای آرز جیسے دیگر امُور آن لائن نمٹا سکتے ہیں۔

اس موقع پر سی ای او برٹش کانسل اسکاٹ مکڈونلڈ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے ڈیجیٹلائیزیشن کے حوالے حیران کُن اقدامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تعلیم کی ترقی و بحالی کے لئے محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں