قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک کا اصولی فیصلہ کر چکے ہیں۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدم اعتماد کی تحریک کا اصولی فیصلہ کر چکے ہیں اور تیاری کر رہے ہیں وقت آنے پر عدم اعتماد کی تحریک پیش کر دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اختر مینگل سے ملاقات ہوئی ہے اور ہم نے ملاقات میں ملکی اور سیاسی صورتحال پر گفتگو کی۔ ملک میں معاشی اور سیاسی صورتحال تشویشناک ہے جبکہ ہم نے آج کی ملاقات میں عدم اعتماد کی تحریک پر بات کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ چھوٹے صوبوں کے حقوق کی پاسداری کرنی ہو گی اور حکومت میں نہیں کہ عدم اعتماد کی تحریک کی آج ہی تاریخ بتا دوں۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ پاکستان سمیت ہر ملک کو اپنے ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات رکھنے چاہیئیں۔ نقل کے لیے بھی عقل کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ سیاست میں لو اور دو کی بات ہوتی ہے اور سیاست میں مشاورت سے معاملات طے ہوتے ہیں۔
اس موقع پر اختر مینگل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا حصہ ہیں اور ہمیشہ پی ڈی ایم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ بلوچستان کے مسائل کو فوری حل کرنا ہو گا اور ہمیں تبدیلی کے نام سے چڑ ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا مسئلہ ہمیشہ سے سیاسی تھا اور طاقت کے زور پر بلوچستان کے مسائل کو حل نہیں کیا جا سکتا۔