پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے سابق وزیر داخلہ رحمن ملک کی وفات پر تعزیت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک و قوم اور جمہوریت کیلئے ان کی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں سینیٹر رحمن ملک کی وفات پر ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی اور کہا کہ رحمن ملک کی ملک و قوم اور جمہوریت کیلئے خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے رحمن ملک کی مغفرت کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سینیٹر رحمن ملک 70 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، وہ کورونا وائرس میں مبتلا تھے۔ ترجمان نے سابق وفاقی وزیر داخلہ کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ رحمن ملک کچھ وقت سے کورونا وائرس میں مبتلا اور وینٹی لیٹر پر تھے۔
یاد رہے کہ سینیٹر رحمن ملک 2008ءسے 2013ءتک پاکستان پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں وفاقی وزیر داخلہ رہے، ان کا میثاق جمہوریت میں بھی کلیدی کردار رہا ہے۔