کراچی: سندھ حکومت نے صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کے بعد انڈور ڈائننگ پر عائد پابندی کو ہٹا دیا ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ نے انڈور ڈائننگ پر پابندی ختم کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تقریبات میں ویکسینیڈ افراد کو اجازت ہوگی، 500 افراد کو تقریبات میں اجازت ہوگی۔
نوٹی فکیشن کے مطابق سندھ حکومت نے انڈور جم کی بھی اجازت دے دی۔
خیال رہے کہ 21 جنوری کو کورونا کے خطرناک پھیلاؤ کے پیش نظر کراچی اور حیدر آباد میں انڈور ڈائننگ پر پابندی عائد کی گئی تھی۔
سندھ حکومت نے کورونا کے مثبت کیسوں میں اضافے کے بعد کراچی اور حیدر آباد میں انڈور ڈائننگ پر پابندی کی جس کا محکمہ داخلہ نے نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق انڈور تقریبات پر پندرہ فروری تک پابندی عائد کی گئی تاہم آؤٹ ڈور تقریبات میں صرف ویکسی نیٹڈ افراد کو شرکت کی اجازت دی گئی۔
صوبے میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ 5 لاکھ 64 ہزار 895 شہری متاثر ہوئے۔ سندھ میں فعال کیسز کی تعداد 47 ہزار 575، کُل اموات 8 ہزار 30 جب کہ صحت یابی ہونے والے شہریوں کی تعداد 5 لاکھ 9 ہزار 290 ہے۔