پولیس نے صحافی اطہر متین کے قاتلوں کا سراغ لگالیا اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس نے ایک درجن سے زائد مقامات پر چھاپے مارے۔
تفصیلات کے مطابق صحافی اطہرمتین قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ، کراچی پولیس نے اطہر متین کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے۔
ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس کی جانب سے ایک درجن سے زائد مقامات پر چھاپے مارے گئے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان واردات کے بعد کہاں فرار ہوئے تمام ثبوت بھی مل گئے۔
اس سے قبل صحافی اطہر متین کے قاتلوں کا سراغ لگانے کے لیے پولیس نے جیو فینسنگ کے عمل کا آغاز کیا تھا، پولیس نے واقعے کے قریب لگے سی سی ٹی وی کی فوٹیجز حاصل کرکے ملزمان کے فرار کا روٹ میپ تیارکیا۔
خیال رہے کہ صحافی اطہر متین کو نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا، اطہر متین اپنے بچوں کو اسکول چھوڑ کر گھر لوٹ رہے تھے۔
بعد ازاں ایڈیشنل آئی جی کراچی نے صحافی اطہر متین کے قتل کی تحقیقات کے لیے ڈی آئی جی ویسٹ کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی تھی۔