عدالت کا ناصر جمپ پر چائنہ کٹنگ سمیت غیر قانونی تعمیرات ختم کرانے کا حکم

سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کے علاقے ناصر جمپ پر چائنہ کٹنگ سمیت غیر قانونی تعمیرات ختم کرانے کا حکم دے دیا۔

سندھ ہائیکورٹ میں کراچی کے علاقے کورنگی ناصر جمپ سےغیر قانونی تجاوزات اور چائنہ کٹنگ کے خاتمے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے حکم دیا کہ ناصر جمپ پر قانونی تعمیرات اور چائنہ کٹنگ کا خاتمہ 45 روز میں کرایا جائے۔ تجاوزات کے خاتمے کرکے ایس بی سی اے عمل درآمد رپورٹ پیش کرے۔

حمیرا آفتاب ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ تجاوزات کے خاتمے سے متعلق عدالتی حکم کو ایک ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے، عمل درآمد نہیں کیا گیا جس پر عدالت نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی حکام پر برہمی کا اظہار کیا۔

جسٹس حسن اظہر رضوی نے ایس بی سی اے سے استفسار کیا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی والے عدالتی حکم پر عمل درآمد نہیں کرتے؟ جیسے پولیس گشت کرتی ہے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی والے گشت کرتے ہیں ؟

عدالت نے کیس میں ریمارکس دیے کہ کسی کے گھر کے دروازے پر بجری کے ساتھ گدھ گاڑی نظر آئے تو اتھارٹی والے فوری پہنچ جاتے ہیں۔ اتنی بڑی عمارتیں ایس بی سی اے والوں کو کیوں نظر نہیں آتی ؟ رپورٹ میں ذمہ دار انسپیکٹر اور دیگر افسران کا نام ضرور لکھیں پتہ چلے کے کس نے یہ غلط کام کیا ہے۔

وکیلِ درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ عدالت اس سے قبل بھی غیر قانونی تعمیرات گرانے کا حکم دے چکی ہے۔ ناصر جمپ پر 180 گز کے پلاٹ کو غیر قانونی طور پر دو حصوں میں تقسیم کردیا گیا ہے۔ 90,90 گز کے چھوٹے پلاٹوں پر چھ چھ منزلہ عمارتیں بنائی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں