کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں شہری کو گھر کی دہلیز پر بے خوفی سے لوٹنے والے دونوں ملزمان کو سرجانی ٹاؤن پولیس نے مقابلے کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ہے۔
سرجانی میں رات گئے اسٹیڈیم کے قریب مقابلہ ہوا، دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان سے دو غیر قانونی پسٹلز بمعہ ایمونیشن اور موبائل فونز برآمد ہوئے ہیں۔
ملزمان کی شناخت وسیم عرف آقا ولد فہیم اور ہمام ولد پرویز کے ناموں سے ہوئی ہے، زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کو طبی امداد کے بعد تھانے منتقل کر دیا گیا ہے، ان کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔
ملزمان کی مزید وارداتوں میں شناخت اور تفتیش کا عمل جاری ہے، ملزمان کے موٹرسائیکل سوار فرار ساتھی ارشد عرف سرائیکی کی گرفتاری کیلئے تلاش جاری ہے، ملزمان کے خلاف پہلے سے درج مقدمات کی تفصیلات بھی حاصل کی جارہی ہیں۔
خیال رہے کہ ملزمان مورخہ 19 فروری 2022 کو نارتھ کراچی کے علاقے میں گھر کے باہر موجود شہری فیضان اور اس کے دوست سے اسلحے کے زور پر موبائل فونز اور نقدی چھین کر فرار ہوئے تھے۔
واردات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی تھی جس میں ملزمان کو واردات کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ واردات کا مقدمہ الزام نمبر 107/2022 بجرم دفعہ 392/397/34 تھانہ خواجہ اجمیر نگری میں درج ہے۔