کامیاب پاکستان پروگرام: قرضوں کا اجراء سست روی کا شکار

ملک میں کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت قرضوں کا اجراء سست روی کا شکار ہوگیا۔

وزارت خزانہ کے دستاویز کے مطابق پہلے تین ماہ میں 1.4 ارب روپے کے قرضے جاری کیے گئے جو کہ نیشنل رورل سپورٹ پروگرام اور اخوت فاونڈیشن نے جاری کیے ہیں۔ تاہم پہلی سہ ماہی میں 30 ارب روپے کے قرضے جاری کرنے کا ہدف تھا۔

جمعرات کو وزیر خزانہ شوکت ترین کی زیر صدارت ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کمیٹی نے کامیاب پاکستان پروگرام کا دائرہ پورے ملک تک بڑھانے کی منظوری دیدی تھی جبکہ وفاقی کابینہ پروگرام کے حجم کی پہلے ہی منظوری دے چکی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ سال اکتوبر میں کامیاب پاکستان پروگرام کا اجراء کیا تھا جس کا مقصد چھوٹے کاروبار شروع کرنے کے لیے 5 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کرنا تھا۔

زرعی آلات کی خریداری اور کم لاگت گھروں کی تعمیر کے لیے قرضوں کا اجراء بھی پروگرام کا حصہ ہے، آئی ایم ایف سے معاہدے کے مطابق ماہانہ 10 ارب روپے کا قرضہ جاری کیا جائے گا۔

حکومت تین سال میں 228 ارب روپے کے قرضے جاری کرے گی اور 2028 تک 1053 ارب روپے کے قرضے دینے کا ہدف ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں