بِل گیٹس وزیراعظم عمران خان کے شکرگزار

مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے دورہ پاکستان کے دوران عمران خان سے ملاقات میں نتیجہ خیز گفتگو پر شکریہ ادا کردیا۔

انہوں نے عمران خان اور فیصل سلطان کے ہمراہ ایک تصویر ٹوئٹر پر جاری کی اور کہا کہ پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر نتیجہ خیز بات چیت کے لیے عمران خان کا شکرگزار ہوں۔

بِل گیٹس نے لکھا کہ ’میں ملک میں پولیو کے خاتمے کے عزم کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں اور پر امید ہوں کہ اگر ہر کوئی چوکنا رہے تو ہم جلد پولیو کو ختم کر سکتے ہیں۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز بِل گیٹس نے پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا تھا، بل گیٹس نے اپنے مختصر دورے میں وزیراعظم عمران خان، صدرِ مملکت عارف علوی سے ملاقات کی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بل گیٹس کو نشانِ پاکستان کے بعد دوسرا بڑا اعزاز ہلال پاکستان سے بھی نوازا۔

بل گیٹس کا کہنا تھا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کے اقدامات اور عزم متاثر کن ہے، ہم پولیو کے خلاف جنگ کے آخری مراحل کے قریب ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے پاس پولیو کا خاتمہ کرکے تاریخ رقم کرنے کا موقع ہے، کورونا کے باوجود پاکستان کے انسدادِ پولیو کے اقدامات حیران کن ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں