صوبائی دارالحکومت لاہور میں دھند کا راج برقرار ہے جس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں کے منظر دھندلا گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دھند کے باعث ٹریفک سست روی کا شکار ہے جس کے باعث موٹروے کو مختلف مقامات پر ٹریفک کے لئے بند کیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹروے ایم 2 ٹھوکر نیاز بیگ سے کوٹ مومن تک شدید دھند کے باعث بند کردیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ موٹروے ایم 2 بالکسر انٹر چینج سے ٹھوکر نیاز بیگ تک ایچ ٹی وی گاڑیوں کا داخلہ بند ہے۔
موٹروے پولیس نے بتایا کہ موٹروے ایم 3 کو بھی لاہور سے سمندری تک دھند کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے جبکہ موٹروے ایم 11 کو بھی محمود بوٹی سے سمبڑیال تک بند کر دیا ہے۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹروے کو عوام کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے بند کیا گیا ہے۔
یشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کا مزید کہنا ہے کہ عوام سے گزارش ہے کہ دھند کے موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔
واضح رہے کہ اسموگ، فوگ یعنی دھند اوراسموگ یعنی دھویں سے ماخوذ ایک اصطلاح ہے، یہ ایک فضائی آلودگی ہے، جو انسان کی دیکھنے کی صلاحیت کو کم کردیتی ہے۔
ماہرین کے مطابق موسم گرما جانے کے ساتھ ہی جب دھند بنتی ہے تو یہ فضا میں پہلے سے موجود آلودگی کے ساتھ مل کر اسموگ بنا دیتی ہے۔
اس دھویں میں کاربن مونو آکسائیڈ، نائٹروجن آکسائیڈ، میتھین اور کاربن ڈائی آکسائیڈ جیسے زہریلے مواد شامل ہوتے ہیں۔