بلوچستان کے علاقے بلیدہ میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا ہے جس میں 6 دہشتگرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہلاک دہشتگرد کیچ میں دہشتگردی کی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔
یاد رہے کہ دو روز قبل سیکیورٹی فورسز نے پسنی میں آپریشن کیا تھا جس کے دوران ہونے والی فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد کمانڈر ہدایت عرف بالاچ مارا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے پسنی میں آپریشن 12 اور 13 فروری کی درمیانی شب کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی پیش قدمی پر دہشت گردوں نے فرار ہونے کی کوشش کی اور بلا اشتعال سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی۔
دہشت گردوں کی جانب سے کی جانے والی بلا اشتعال فائرنگ کے جواب میں سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور اس طرح ہونے والی فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد کمانڈر ہدایت عرف بالاچ مارا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد کمانڈر گوادر اور پسنی میں سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ اور حملوں میں ملوث تھا۔