اسلام آبادہائیکورٹ نے فیصل واؤڈا کی نااہلی کیخلاف اپیل مستردکردی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصل واؤڈا کی نااہلی کیخلاف اپیل مسترد کردی۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سنادیا، جس میں کہا گیا ہے کہ فیصل واؤڈا کا اپنا کنڈکٹ ہی موجودہ نتائج کا باعث بنا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے فیصل واؤڈا کی جانب سے نااہلی کیخلاف دائر درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنادیا، عدالت عالیہ نے پی ٹی آئی رہنماء کی اپیل مسترد کردی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کا اپنے فیصلے میں کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے میں مداخلت کی وجہ موجود نہیں، فیصل واؤڈا کا اپنا کنڈکٹ ہی موجودہ نتائج کا باعث بنا۔

فیصلے کے مطابق طویل عرصے تک کمیشن اور کورٹ کے سامنے فیصل واؤأڈا تاخیر کرتے رہے، انہوں نے شہریت چھوڑنے کا سرٹیفکیٹ جمع کروانے سے بھی انکار کیا، انہیں چاہئے تھا کہ دُہری شہریت چھوڑنے کا سرٹیفکیٹ جمع کرواکر نیک نیتی ثابت کرتے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے فیصل واؤڈا کی نااہلی کے باعث خالی ہونیوالی سینیٹ کی نشست پر انتخابات کا اعلان کردیا ہے۔

ای سی پی کے شیڈول کے مطابق سینیٹ کی خالی نشست پر پولنگ 9 مارچ کو سندھ اسمبلی میں ہوگی۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے بدھ 9 فروری کو فیصلہ سناتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فیصل واؤڈا کو نااہل قرار دیتے ہوئے 2 ماہ میں تمام تنخواہیں اور مراعات واپس جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ اپنے فیصلے میں الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ فیصل واؤڈا سپریم کورٹ سے رجوع کرسکتے ہیں.

اپنا تبصرہ بھیجیں