ترجمان مسلم لیگ ن اختیارولی خان کا کہنا ہے کہ مہنگئی کی وجہ سے ہر گھر میں بھوک نے ڈیرے ڈال دئیے ہیں۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اختیارولی خان نے کہا کہ اپنی قسمت سے بے خبر قوم پر رات کو عمران خان نے بمباری کی ہے۔
اختیار ولی نے کہا کہ مہنگئی برداشت سے باہر ہے خودکشیاں اور ڈکیتیاں شروع ہو چکی ہیں، پاکستانی قوم چار سال سے ہر روز ہیروشیما ناگاساکی جیسی صورتحال سے دوچار ہے۔
اختیار ولی کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی وجہ سے ہر گھر میں بھوک نے ڈیرے ڈال دئیے ہیں، تندوروں سے روٹی چھیننے کے واقعات شروع ہو چکے ہیں۔
ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ ملک میں نئے آزادانہ انتخابات نہ کرائے گئے تو ایتھوپیا جیسی صورتحال پیدا ہو جائیگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اس ملک و قوم پر رحم کریں اور تسلیم کریں آپ ناکام ہو چکے ہیں ، گھر جائیں۔
واضح رہے کہ حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے سے زائد اضافے کا اعلان کردیا ہے۔
حکومت نے ایک بار پھر عوام پر پیٹرول بم گرادیا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے اور 3 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 159 روپے اور86 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
وزارت خزانہ کے مطابق قیتموں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگیا۔