گھٹیا حرکتوں والے باز آجائیں، بشریٰ بی بی گھریلو خاتون ہیں، فرخ حبیب

وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ گھٹیا حرکتوں والوں کو تنبیہہ کرتے ہیں کہ باز آجائیں، بشریٰ بی بی کے خلاف جعلی خبریں چلوائی جاتی ہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی گھریلو خاتون ہیں، ان کا کوئی سیاسی اثر و رسوخ نہیں، اس کے پیچھے وہی لوگ ہیں جو بے نظیر بھٹو اور نصرت بھٹو کی کردار کشی کیا کرتے تھے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھی ذاتی حملوں پر مشتمل مخصوص مہم پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ذاتی حملوں پر مشتمل مخصوص مہم پر اظہار ناراضی کرتے ہوئے کہا کہ ذاتی حملوں پر مشتمل مہم گھٹیا اور نا قابل برداشت ہے، مادرپدر آزادی خطرناک ہے، ایسے رجحان کی حوصلہ شکنی کرنا ہوگی۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور خاتون اول کے درمیان کشیدگی اوربشریٰ بی بی کے ناراض ہوکر لاہور چلے جانے کی خبریں سوشل میڈیا اور بھارتی میڈیا پر چلائی جارہی ہیں۔

تاہم گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے وزیراعظم اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی میں ناراضی اور علیحدگی کی خبروں کی تردید کردی تھی۔

اس حوالے سے بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح خان نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، خاتون اول میرے گھر قطعاً قیام پذیر نہیں، وہ بنی گالا اسلام آباد میں گھر پر موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں اتنا نیچے نہیں گرنا چاہیے کہ لوگوں کی ذاتی زندگیوں پر جھوٹ بولا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں