دینی جماعتیں آج یومِ حیا منائیں گی، قیصر شریف کا یہ دن مسکان کے نام کرنے کا اعلان

پاکستان بھر میں دینی جماعتیں اور طلبہ تنظیمیں آج یومِ حیا منائیں گی۔ اس دن کے بانی جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری اطلاعات قیصر شریف نے آج کا یومِ حیا بھارتی ریاست کرناٹک میں ہندو انتہا پسندوں کے سامنے ڈٹ جانے والی بہادر مسلمان لڑکی مسکان کے نام کرنے کا اعلان کیا ہے۔

آج کے دن ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں بھی یومِ حیا منایا جائے گا۔ اس حوالے سے طلبہ تنظیم اسلامی جمعیت طلبہ نے مختلف تقریبات کے اہتمام کا اعلان کیا ہے۔پاکستان میں 14 فروری کو یومِ حیا منانے کا باقاعدہ آغاز اس وقت کے اسلامی جمعیت طلبہ پنجاب یونیورسٹی کے ناظم قیصر شریف نے کیا تھا۔ وہ ان دنوں جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی ترجمان ہیں۔

انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ریاست کرناٹک سے امت کی بیٹی مسکان خان نے ہندو بلوائیوں اور آرایس ایس کے غنڈوں کے سامنے نعرہ تکبیر بلند کرکے قوم کے تن مردہ میں جان ڈال دی ہے۔

پوری دنیا میں غیر مسلم بھی اس بیٹی کی جرأت کو سلام پیش کررہے ہیں جس نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اپنے دین، اللہ کے احکامات اور نبی اکرم ﷺ کی شریعت مطہرہ کی لاج رکھ لی اور خود کو بے حجاب نہیں ہونے دیا۔

اس بہادر،نڈر اور جرأت مند بیٹی نے اپنے عمل سے سوئی ہوئی قوم اور عالم اسلام کو یاد دلایا ہے کہ عزت سے جینا چاہتے ہو تو جرأت کا راستہ اپناؤ اور اپنے اللہ پر کامل ایمان لے آؤ۔

قیصر شریف نے کہا کہ اس بار یومِ حیا مسکان خان کے نام کریں گے کیونکہ اس نے اسلامی شعار کا دفاع کرکے ثابت کردیا ہے کہ مغرب اور مغرب کی آلہ کار طاقتیں جتنا مرضی چاہیں ایمان کی طاقت کو مٹا نہیں سکتیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں