نجی سکیورٹی کمپنی کے آفس میں کیش وین سے ساڑھے 5 کروڑ روپے چوری

سکھر میں نجی سیکورٹی کمپنی کے دفتر میں کھڑی کیش وین سے ساڑھے 5 کروڑ روپے چوری ہوگئے۔

آج علی الصبح 7 سے زائد مسلح افراد سکیورٹی کمپنی کے دفتر  میں ملازمین کو یرغمال بناکر کرنسی وین سے 5 کروڑ روپے لوٹ لیے۔

چور سکیورٹی گارڈز کا اسلحہ بھی ساتھ لیکر فرار ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق سکیورٹی کمپنی کے پانچ ملازمین کو حراست میں لیکر مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، ابتدائی تحقیقات میں کچھ اہم چیزیں سامنے آئیں ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نجی سکیورٹی دفتر سے لوٹی گئی رقم انشورڈ تھی، دفتر میں پانچ کروڑ روپے سے زائد کی رقم کی موجودگی میں صرف دو سکیورٹی گارڈ سمیت تین ملازم ڈیوٹی پر تعینات تھے جس میں سے سکیورٹی گارڈ غیر تربیت یافتہ تھے جبکہ سکیورٹی کمپنی کے دفتر کے مین گیٹ پر صرف ایک کیمرہ نصب ہے، وین پارکنگ میں کوئی کیمرہ نصب نہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ نجی کمپنی کی تمام گاڑیاں کرنسی وین کے بین الااقومی معیار پر پورا نہیں اترتیں۔

حکام کے مطابق واردات کے حوالے سے ملازمین کے پولیس کو دیے گئے بیانات میں تضاد ہے جس کی روشنی میں مزید سوالات کھڑے ہوگئے ہیں جس وین سے پانچ کروڑ روپے لوٹے گئے اتوار کے روز اتنی بڑی رقم کمپنی دفتر کے مضبوط لاکر کے بجائے کرنسی وین میں کیوں رکھی گئی؟

اپنا تبصرہ بھیجیں