کوٹ ادو: چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران خان سے اب عوامی حساب لیا جائے گا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کراچی سے نکل کر سندھ کے تمام اضلاع سے ہوتے ہوئے پنجاب میں داخل ہوں گے اور پورے پنجاب سے ہوتے ہوئے ہمارا مارچ اسلام آباد پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تمام تر جدوجہد کا مقصد عوام کے پاس جانا ہے اور ان کے ساتھ کھڑے ہونا ہے۔ عوام کا معاشی قتل عام کیا جا رہا ہے اور ہر طبقے کو قتل کیا جا رہا ہے۔ اس ملک کے کسانوں کا بھی معاشی قتل کیا جا رہا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اس حکومت کی نالائقی کو عوام کے سامنے بے نقاب کریں گے اور اب تمام مسائل کا حل عمران خان کا جانا ہی ہے۔ عمران خان سے اب عوامی حساب لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک جمہوری پارٹی ہے جو جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور عوام کا اس حکومت سے اعتماد اٹھ چکا ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہی پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی بنیاد رکھی تھی۔ اختلافات اپنی جگہ لیکن اس بات پر ہم سب متفق ہیں کہ عمران خان کو تو اب جانا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پی ڈی ایم کی بنیاد رکھتے ہوئے ہمارا مطالبہ یہی تھا کہ خان صاحب کو ہر صورت ہٹانا ہے۔ ظالم حکمرانوں کے خلاف اعلان جنگ ہی وقت کا مطالبہ ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ حزب اختلاف ایک پوائنٹ پر آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ وسیب کی خدمت کی ہے اور کسانوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر ہمیشہ حل کیے ہیں۔ ہم نے ہمیشہ صوبہ بنانے کی تجویز بھی دی اور عملی قدم بھی اٹھائے لیکن اگر ہمیں اس ملک کو آگے لے کر جانا ہے تو عمران خان کو نکالنا ہو گا۔