کراچی : ایف آئی اے نے امریکی قونصل خانے کی شکایت پر دو ملزمان کو گرفتار کرلیا جنہوں نے دو مرتبہ نجی ٹی وی کا رپورٹر بن کر دو مرتبہ امریکی ویزا حاصل کیا۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے امریکی قونصل خانے کی شکایت پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے، جس میں اعجاز چیمہ نامی شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ کے رہائشی اعجاز چیمہ کو کراچی سے گرفتار کیا گیا ہے جس نے نجی ٹی وی کا رپورٹر بن کر دو بار امریکی ویزا حاصل کیا۔
پہلی مرتبہ ملزم اعجاز چیمہ نے 2019 میں ویزا حاصل کیا اور بطور سینئر رپورٹر اقوام متحدہ کے اجلاس کی کوریج بھی کی جب کہ نجی ٹی وی کے سینئر کارسپنڈنٹ بن کر دوسری مرتبہ 2020 میں دوبارہ ویزے کےلیے درخواست دی۔
ذرائع ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ امریکی قونصل خانے کی جانب سے تحقیقات کی گئیں تو نجی ٹی وی انتظامیہ نے ملزم کے پیش کردہ خطوط سے اظہار لاتعلقی کیا، جس کے ب عد امریکی قونصل خانے نے ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ کو خط لکھ دیا۔
امریکی قونصل خانے نے خط کے ذریعے ملزم کے خلاف کارروائی کی درخواست کی جس پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ایف آئی اے نے ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش کا عمل شروع کردیا۔