وزیر اعظم عمران خان کے دورہ روس سے قبل امریکہ کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ ،ملک کی دو اعلیٰ ترین شخصیات اسی سلسلے میں جلد واشنگٹن کا دورہ کرینگی ۔
ذرائع کے مطابق ملکی شخصیات دورہ روس کی ضرورت پر امریکی حکام کو اعتماد میں لیں گی،اہم شخصیات امریکی حکام کو دورہ روس کے حوالے سے تفصیلاً بریفنگ دیں گی۔ عمران خان کے دورہ روس کے لیے 23،24اور 25 فروری کی تاریخوں پر غور کیا جا رہا ہے۔
امریکی حکام پر واضح کیا جائے گا روسی حکام کے ساتھ گیس پائپ لائن اور افغانستان کی صورتحال پر بات ہو گی، امریکی حکام کو روس کا فلیگ شپ گیس پائپ لائن منصوبہ کی پاکستان کے لیے اہمیت سے آگاہ کیا جائے گا۔
امریکی حکام کو بتایا جائے گا کہ مذکورہ منصوبے میں ترمیم کرتے ہوئے اسے بین الحکومتی معاہدے کی شکل دی گئی ہے ۔روس کے اس گیس پائپ لائن منصوبے سے صوبہ سندھ کو پنجاب کے ساتھ ملایا جائے گا ۔
اس منصوبے کی بدولت پاکستان کے ساحلی علاقوں سے درآمد شدہ مائع قدرتی گیس کو پنجاب کے صنعتی علاقوں تک لایا جائے گا۔اعلی شخصیات کے دورہ امریکہ کے لئے 16 فروری کی تاریخ طے کی جا رہی ہے