وزارتوں کو کارکردگی مزید بہتر کرنا ہو گی، وزیراعظم

وزیرِاعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ وزارتوں کو اپنی کارکردگی مزید بہتر کرنا ہوگی، ساری دنیا میں مہنگائی ہے، قیمتوں اوپر گئی ہوئی ہیں۔

اس حوالے سے بہترین کارکردگی پر 10 وفاقی وزارتوں میں تعریفی اسناد دینے کی تقریب منعقد ہوئی۔

وزیرِ اعظم آفس میں ہونے والی تقریب میں وزیرِ اعظم عمران خان نے 10 وزراء میں تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کیے اور خطاب بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ تعریفی اسناد تقسیم کرنے سے وزارتوں کی کارکردگی میں بہتری آئے گی، تمام وزارتوں کو پتہ ہونا چاہیے کہ کس نے کتنا کام کیا۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ جن منسٹرز کے نام نہیں ہیں وہ یہاں موجود نہیں۔

انہوں نے اپنے معاونِ خصوصی سے مخاطب ہو کہا ہے کہ ارباب شہزاد آپ نے غلطی کی کہ پہلے بتا دیا کہ ٹاپ ٹین وزارتیں کونسی ہیں، جس کی وجہ سے باقی وزیر تقریب میں نہیں آئے۔

وزیرِ اعظم نے ارباب شہزاد کو ہدایت کی کہ آئندہ آپ نے کسی کو نہیں بتانا جب تک فنکشن نہ ہو۔

عمران خان نے کہا کہ نجی شعبے میں کارکردگی کی بنیاد پر بونس ملتے ہیں، ہمیں برآمدات کے فروغ سے ملک کی معیشت کو مضبوط بنانا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مراد سعید کو پہلے نمبر پر آنے پر مبارک باد دیتا ہوں، سزا و جزا کے بغیر کوئی سسٹم کامیاب نہیں ہو سکتا۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے جن وزراء کو شاندار کارکردگی پر سرٹیفکیٹ دیے ہیں، ان کی وزارتوں کے ملازمین کو بھی اضافی الاؤنس دیا جائے گا۔

کارکردگی کی بنیاد پر وزارتِ مواصلات کا پہلا نمبر رہا، وفاقی مراد سعید تمام وزراء پر بازی لے گئے۔

اسد عمر کی وزارت پلاننگ کا دوسرا، غربت کے خاتمے کی وزارت کا تیسرا، شفقت محمود کی تعلیم کی وزارت کا چوتھا، شیریں مزاری کی وزارتِ انسانی حقوق کا پانچواں، خسرو بختیار کی وزارتِ صنعت کا چھٹا، نیشنل سیکیورٹی ڈویژن کا ساتواں، عبد الرزاق داؤد کی وزارتِ تجارت کا آٹھواں، شیخ رشید کی وزارتِ داخلہ کا نواں جبکہ سید فخر امام کی نیشنل فوڈ اینڈ سیکیورٹی کی وزارت کا آخری یعنی دسواں نمبر رہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں