کسی صوبائی حکومت کو یہ حق نہیں کہ وہ آئین سے متصادم قانون سازی کرے، مولانا فضل الرحمان

اپوزیشن جماعتوں کے سیاسی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ چاہتے ہیں کہ حکومت سندھ عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی صوبائی حکومت کو یہ حق نہیں کہ وہ آئین سے متصادم قانون سازی کرے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے امیر جمعیت العلمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمیں بلدیاتی الیکشن کی مہم شروع کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پوری ہمت کے ساتھ عوام میں جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے عزائم کو شکست دینے کے لیے عوام میں جانا ضروری ہے۔

سینئر سیاستدان مولانا فضل الرحمان نے واضح کیا کہ سیاست خواہشات کی بنیاد پر نہیں ہو سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے الزام عائد کیا کہ ملک کو گروی رکھ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر بات خواہشات کے تابع نہیں ہوا کرتی۔ انہوں نے کہا کہ آئین ہمارے بلدیاتی اداروں کو حقوق دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کی بات کررہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے اندر رہتے ہوئے ملکی نظام چلانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چار سالوں سے ملک پیچھے کی طرف جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں