شرمیلا فاروقی کی شکایت پر وفاقی محتسب نے نادیہ خان کو تبصرے سے روک دیا

وفاقی محتسب نے نادیہ خان کو شرمیلا فاروقی کی شکایت پر انیسہ فاروقی کے معاملے پر سوشل میڈیا پر کوئی بھی تبصرہ کرنے سے روک دیا۔

شرمیلا فاروقی نے اپنی شکایت پر وفاقی محتسب کے دفتر کا ایک آرڈر اپنی انسٹاگرام اسٹوری کی زینت بنایا جس میں بتایا گیا کہ نادیہ خان ، انیسہ فاروقی کی ویڈیو کے معاملے پر 4 فروری تک کسی بھی میڈیا کو ذریعہ بنا کر اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرسکتیں۔

نادیہ خان کو 4 فروری 2022 کو پیش ہونے کا نوٹس بھی جاری کیا گیا۔

خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست دان شرمیلا فاروقی اور اداکارہ نادیہ خان نے ایک دوسرے پر ہتکِ عزت کا دعویٰ کرتے ہوئے مقدمات درج کراچکی ہیں۔

اداکارہ نادیہ خان پر الزام ہے کہ انہوں نے شرمیلا فاروقی کی والدہ کی شکل و صورت کا مبینہ طور پر مذاق اڑایا، جس پر شرمیلا فاروقی کی قانونی ٹیم نے معروف اداکارہ کو ہتکِ عزت کا دعویٰ کرتے ہوئے 5 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھجوادیا۔

شرمیلا فاروقی کی جانب سے ہتکِ عزت کا نوٹس وصول ہونے کے بعد نادیہ خان نے اتوار کے روز کہا کہ میرے وکلاء شرمیلا فاروقی کو ایک قانونی نوٹس بھیج رہے ہیں جن میں ہتکِ عزت پر مبنی ریمارکس پر 50 کروڑ ہرجانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں