کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے بلدیاتی قانون سے متعلق جماعت اسلامی اور سندھ حکومت کے درمیان معاہدہ مسترد کردیا۔ پیپلزپارٹی کے ہاتھوں جماعت اسلامی بیوقوف بن گئی ہے۔
یہ بات ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے اراکین خواجہ اظہار الحسن، محمد حسین اور جاوید حنیف نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
خواجہ اظہارالحسن نے دعویٰ کیا کہ جماعت اسلامی کو بہت جلد شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ہاتھوں جماعت اسلامی بیوقوف بن گئی ہے۔ ان کا استفسار تھا کہ کیا جماعت اسلامی نے اپنے مطالبات منوا لیے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ کراچی کے تاجروں اور صنعتکاروں نے بھی بلدیاتی ایکٹ کو ماننے سے انکار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ایم کیوایم کے دباؤ پر مذاکرات شروع کر دیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے جماعت اسلامی کو ماموں بنا دیا ہے۔
خواجہ اظہارالحسن نے حیرت اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنی آسانی سے اتنی پرانی جماعت کیسے ان کے جھانسے میں آگئی؟ انہوں نے کہا کہ اے این پی اور جی ڈی اے سمیت اپوزیشن جماعتوں نے پیپلز پارٹی کو ہری جھنڈی د کھا دی ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور رکن رابطہ کمیٹی محمد حسین نے اس موقع پر کہا کہ جماعت اسلامی کا دھرنا ختم کرنا سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل جماعت اسلامی نے 2013 کے بلدیاتی ایکٹ کو مان لیا اور پیپلزپارٹی کے بلدیاتی ترمیمی ایکٹ کوتسلیم کر لیا۔
ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن محمد حسین نے کہا کہ جماعت اسلامی پیپلزپارٹی کی باتوں میں آگئی ہے۔
رکن رابطہ کمیٹی جاوید حنیف نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے حقوق چاہئیں، کسی کی مہربانی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم چاہتی ہے کہ اداروں کو اپنے حقوق دیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کسی ترمیم کے لیے احتجاج نہیں کر رہی ہے۔