بلدیاتی قانون کیخلاف جماعت اسلامی آج کراچی کی اہم شاہراہوں پر دھرنے دیگی

سندھ کے بلدیاتی قانون کے خلاف جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے آج کراچی کی اہم شاہراہوں پر دھرنے دینےکا اعلان کیا ہے۔

جماعت اسلامی کے تحت سندھ اسمبلی کے سامنےدھرنا 29 ویں دن بھی جاری ہے،  مختلف سیاسی، سماجی اور مزدور تنظیموں کے وفود بھی دھرنے میں شرکت کر رہے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہےکہ 2021کا بلدیاتی ایکٹ کسی صورت منظور نہیں، آئین اختیارات نچلی سطح تک منتقلی کا کہتا ہے۔

ان کا کہنا ہےکہ  جلاؤ گھیراؤ کی سیاست کا اب شہر متحمل نہیں ہوسکتا،گزشتہ روز ایم کیو ایم کے کارکن کی ہلاکت سمیت مظاہرین کے ساتھ جو ہوا اس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔

ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق  میڈیا ورکرز اور ایمبولینس کے لیے راستہ کھلا رہے گا۔

جمعرات کو عوامی نیشنل پارٹی کے وفد نے صوبائی جنرل سیکرٹری یونس بونیری کی قیادت میں دھرنے میں شرکت کی۔

انھوں نے جماعت اسلامی کے دھرنے کی حمایت کرتے ہوئے کہا موجودہ حکومت نے کراچی کے عوام پر ظلم ڈھایا ہے،  ہمارا ایک ہی مطالبہ ہےکہ شہر کو بااختیار بنایا جائے۔

ان کے علاوہ چنیوٹ شیخ برادری  اور الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد نے بھی دھرنے میں شرکت کرکے اظہار یکجہتی کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں