خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کا بلدیاتی بل ایک کالا قانون ہے۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کو بلدیاتی بل سے متعلق مذاکرات کی دعوت دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز سندھ حکومت کا ایم کیو ایم کارکنان و منتخب نمائندوں کیساتھ نارواں سلوک کی مذمت کرتے ہیں ، کراچی سندھ کا دل ہے، اس شہر میں ملک بھر کے لوگ بستے ہیں۔
خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ افسوس ہے کہ زبان کو بنیاد بنا کر ملک کی یکجہتی کو نقصان پہنچایا جارہا ہے ، سندھ حکومت کا بلدیاتی بل ایک کالا قانون ہے ، آصف زرداری، بلاول زرداری اور مراد علی شاہ کو مذاکرات کی دعوت دیتا ہوں۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کراچی کے صدر نے کہا کہ میری دعوت قائد اعظم کے سنہرے اصول اتحاد، تنظیم اور ایمان کی بنیاد پہ ہیں ، سندھ کے عوام کی بہتری کیلئے بلدیاتی بل میں مل بیٹھ کر ترمیم کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 73 کا آئین متفقہ تھا، خواہش ہے اسی طرح بلدیاتی قانون بھی متفقہ طور پر منظور ہو ، یہ معاملہ صرف کراچی کا نہیں بلکہ صوبے بھر کی بہتری کے لیے ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے سندھ کے متنازع بلدیاتی قانون کے خلاف احتجاج کیا گیا اور ریلی نکالی گئی جب کہ وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر مظاہرین کی جانب سے دھرنا بھی دیا گیا جس میں بڑی تعداد میں خواتین نے بھی شرکت کی۔
اس دوران مظاہرین نے وزیراعلیٰ ہاؤس جانے کی کوشش کی جس پر پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی گئی جب کہ ریلی میں شریک کارکنان نے سندھ حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی تھی۔
پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج کرنے پر ایم کیو ایم پاکستان کے رکن صوبائی اسمبلی صداقت حسین زخمی ہوگئے تھے اور سر پر ڈنڈا لگنے سے ان کا سر بھی پھٹ گیا تھا۔