وزیرِ اعظم عمران خان آج بدھ 26 جنوری کو اسلام آباد میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کا اجراء کریں گے۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے ذریعے اسلام آباد، پنجاب، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور سندھ کے ضلع تھر پارکر کے تمام گھرانوں کو 10 لاکھ تک صحت کی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔
کارڈ کے ذریعے نہ صرف سرکاری بلکہ پینل پر موجود نجی اسپتالوں سے بھی علاج کی سہولیات حاصل کی جا سکیں گی.
قومی صحت کارڈ حکومتِ پاکستان کا ایسا اقدام ہے جو کم آمدنی والے افراد کو مفت صحت کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ یہ کارڈ اِس وقت خیبر پختونخوا، پنجاب، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور سندھ میں تھرپارکر کے شہریوں کیلئے صحت سہولت پروگرام کے تحت فراہم کیا جا رہا ہے۔
آپ بنیادی صحت کی مختلف سہولیات یا حادثے اور طبی ایمرجنسی کی صورت میں قومی صحت کارڈ کے ذریعے مفت علاج کروا سکتے ہیں۔
اِس کے علاوہ آپ ذیابیطس، گردوں کی بیماریوں، ہیپاٹائٹس اے، بی اور سی، امراض قلب اور ہر طرح کے کینسر کی صورت میں علاج کی مفت سہولیات حاصل کر سکتے ہیں۔ اِس کے علاوہ قومی صحت کارڈ کرونا وائرس کے علاج کے لئے بھی اِستعمال کیا جا سکتا ہے.