لاہور میں دھند کا راج برقرار، موٹروے کئی مقامات پر بند

صوبائی دارالحکومت لاہور میں دھند کا راج برقرار ہے جس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں کے منظر دھندلا گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق موٹروے ایم 2 ٹھوکر نیاز بیگ سے سالم تک شدید دھند کے باعث بند ہے جبکہ موٹروے ایم 2 کوٹ مومن کو بھی للہ انٹر چینج تک بند کردیا گیا ہے۔

موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹروے ایم 11 لاہور سے سیالکوٹ تک دھند کی وجہ سے بند کردیا گیا ہے جبکہ موٹروے ایم 3 کو بھی لاہور سے درکھانہ بند کردیا گیا ہے۔

موٹروے پولیس کا مزید کہنا ہے کہ موٹروے مسافروں کی حفاظت نظر کو مدنظر رکھتے ہوئے بند کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اسموگ، فوگ یعنی دھند اوراسموگ یعنی دھویں سے ماخوذ ایک اصطلاح ہے، یہ ایک فضائی آلودگی ہے، جو انسان کی دیکھنے کی صلاحیت کو کم کردیتی ہے۔

ماہرین کے مطابق موسم گرما جانے کے ساتھ ہی جب دھند بنتی ہے تو یہ فضا میں پہلے سے موجود آلودگی کے ساتھ مل کر اسموگ بنا دیتی ہے۔

اس دھویں میں کاربن مونو آکسائیڈ، نائٹروجن آکسائیڈ، میتھین اور کاربن ڈائی آکسائیڈ جیسے زہریلے مواد شامل ہوتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جب ہوا نہیں چلتی اور درجہ حرارت میں کمی یا دیگر موسمی تبدیلی واقع ہوتی ہے توآلودگی فضاء میں اوپرنہیں جاتی بلکہ زمین کے قریب ہی ایک تہہ بن جاتی ہے اور ان وجوہات کے نتیجے میں یہ غیر معمولی آلودگی کئی کئی دن تک شہرمیں برقرار رہ سکتی ہے۔

دسمبر1952ء میں لندن میں فضائی آلودگی کی لہر کو’گریٹ اسموگ‘ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے، لندن میں آلودہ دھند کی وجہ سے12ہزار سے زائد افراد اپنی زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں