کراچی میں ڈاکوؤں نے ہوٹل پر بیٹھے 30 سے زائد افراد کو لوٹ لیا

کراچی: شہر قائد میں موبائل فون چھیننے کی انتہائی بڑی واردات ہوئی جس دوران ڈاکوؤں نے 30 سے زائد افراد کو موبائل فون، نقدی اور دیگر قیمتی اشیاءسے محروم کر دیا۔ 

تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ کراچی کے پوش علاقے کریم آباد میں پیش آیا جب 5 نقاب پوش ڈاکوؤں نے ہوٹل پر چائے پیتے افراد سے اسلحہ کے زور پر لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فون اور قیمتی سامان لوٹ لیا اور باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ 

ذرائع کے مطابق پولیس جائے حادثے پر پہنچی اور عینی شاہدین سے ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ 

واضح رہے کہ کراچی میں ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران تشدد اور قتل کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور رواں مہینے کی 12 تاریخ کو کشمیر روڈ پر ڈکیتی کی واردارت کے دوران مزاحمت کرنے پر نوجوان کو اس کی والدہ کے سامنے قتل کر دیا گیا۔ 


واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں نوجوان شہری کو قتل کرنے کی تصدیق بھی ہو گئی ۔اس واقعے کے تقریباً ایک ہفتے بعد فیڈرل بی ایریا میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر ایک عورت اور اس کے بیٹے کو گولی مار کر زخمی کر دیا گیا۔ 

اپنا تبصرہ بھیجیں