بارشوں کا نیا اسپیل، لاہور، اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں وقفے وقفے سے بادل برس پڑے، راولپنڈٰی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ پیر تک جاری رہنے کی پیش گوئی کر دی۔
ملک بھر میں کہیں رم جھم تو کہیں موسلادھار بارش سے جاڑے کی شدت بھی بڑھ گئی۔ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور سمیت کئی شہروں میں بادل برسنے سے موسم دلفریب ہوگیا۔ بھکر، سانگلہ ہل، دریا خان، پاکپتن اور دیگر کئی علاقوں میں ابر رحمت برسا۔
سوات، گلیات، ایوبیہ، ڈونگا گلی، چھانگلہ گلی میں آسمان سے گرتی برف نے نظارے حسین بنا دیئے۔ میرانشاہ میں برفباری سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔ بلوچستان میں کوئٹہ، چمن، زیارت میں بھی وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں نے بارشوں اور برفباری کا اسپیل دو روز جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔