لاہور میں نیو انارکلی کے قریب دھماکا، 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

لاہور کے علاقے نیو انارکلی میں دھماکے سے بچے سمیت 3 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

نجی ٹی وی کے مطابق لاہور کے علاقے نیو انار کلی پان منڈی میں دھماکے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئیں جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے نقصان کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں انسانوں جانوں کے نقصان کے علاوہ 6 موٹرسائیکلیں بھی تباہ ہوئی ہیں جبکہ اردگرد کی دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔ دھماکے کے باعث اطراف میں کھڑی گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔

سی سی پی او لاہور نے پولیس کو ریسکیو کارروائیوں میں مدد دینے کی ہدایت کی جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ دھماکے کی نوعیت کا پتہ لگایا جا رہا ہے اور شواہد اکھٹے کر رہے ہیں۔

میئو اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر افتخار نے زخمیوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انارکلی دھماکے کے 12 سے زائد زخمیوں کو میئو اسپتال لایا جا چکا ہے۔ زخمیوں کی آمد کے ساتھ ہی اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔

انہوں نے زخمی افراد کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ 5 زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔ زخمیوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور دھماکے کی تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کی جائے اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں