سینیٹ کی کوآرڈینیشن کمیٹی برائے نادرا نے پاکستان میں سکونت پذیر بنگالیوں کو جاری کیے گئے شناختی کارڈز پر لفظ “ایلین” (اجنبی) لکھنے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے تبدیل کرنے کی تجویز دے دی۔
کمیٹی ممبران کا کہنا ہے کہ کارڈز پر “ایلین” کا لفظ لکھنا کارڈ کے حاملین کی توہین ہے۔
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاوس اسلام آاباد میں ہونے والے کوآرڈینیشن کمیٹی (نادرا) کے اجلاس میں بلاک شدہ شناختی کارڈز کے اجراء کے حوالے سے ڈسٹرکٹ بورڈز کی عدم فعالیت کا نوٹس لیا گیا۔
کمیٹی ممبران کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندے ہونے کے ناطے یہ ان کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کے لیے “شناخت” کے بنیادی حق تک آسان رسائی کو یقینی بنائیں۔
اجلاس میں کمیٹی کا مزید کہنا تھا کہ چھوٹے صوبوں کو نادرا کی خصوصی توجہ کی ضرورت ہے، خصوصاً بلوچستان جس میں نادرا کا اب تک میگا سینٹر قائم نہیں کیا گیا۔
کمیٹی نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں خواتین کے لیے نادرا سینٹرز کی تعداد میں اضافے کی ہدایات کی۔
کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (سی این آئی سی) معاملے کی حساسیت کا ذکر کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ قومی شناختی کارڈ کا ہونا ہر پاکستانی کا بنیادی حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈ کی فراہمی میں قومیت اور زبان کی بنیاد پر کوئی امتیاز نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے بلوچستان میں نادرا کے میگا سینٹر قائم نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور نادرا کو کوئٹہ میں نادرا میگا سینٹر قیام کرنے کی ہدایات کی۔
کمیٹی نے نادرا کے 95 فیصد مراکز کا کرائے کی عمارتوں میں کام کرنے پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور اس رجحان پر نظرثانی کی ضرورت پر زور دیا۔
کمیٹی ممبران کا کہنا تھا کہ نادرا کے پاس انتہائی حساس ڈیٹا موجود ہے جس کی سیکیورٹی اور حفاظت انتہائی ضروری ہے لہذا نادرا کو کرائے کی عمارتوں کے بجائے سرکاری سطح پر دفاتر بنائی جائے۔
انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ادائیگی کا ایک مناسب طریقہ کار وضع کرنے پر بھی زور دیا تاکہ وہ نادرا کی خدمات کے لیے آسانی سے ادائیگی کرسکیں۔
چیئرمین نادرا محمد طارق ملک نے کمیٹی ممبران کو شناختی کارڈوں، سیکسیشن سرٹیفکیٹس اور اسلحہ لائسنسوں کے اجرا سے متعلق طریقہ کار کے بارے میں آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ملک کے کل 157 اضلاع کی 543 تحصیلوں میں سے 510 تحصیلوں میں نادرا سینٹر موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جون 2022 تک ملک کی ہر تحصیلوں میں نادرا سینٹر کے قیام کا ہدف پورا کر لیا جائے گا۔
چیئرمین نادرا نے بتایا کہ بیرونی ملک قائم 13 سفارت خانوں میں نادرا دفاتر قائم کئے گئے ہیں اور ان کی تعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے۔