ایم اے جناح روڈ پر نجی اسپتال میں آتشزدگی، ایک شخص جاں بحق

ایم اے جناح روڈ اور نارتھ کراچی میں آتشزدگی کے دو علیحدہ واقعات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا جبکہ املاک کو نقصان پہنچا۔

فائر بریگیڈ کے مطابق ایم اے جناح روڈ پر واقع نجی اسپتال میں نامعلوم وجہ سے آگ لگ گئی جس کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں موقع پر پہنچیں۔ کے ایم سی فائر فائٹرز کے ہمراہ کنٹونمنٹ بورڈ کا عملہ بھی گاڑیوں کے ہمراہ آگ بجھانے میں مصروف رہا۔

ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق آتشزدگی کے دوران 2 افراد جھلس گئے تھے جن میں ایک شخص جو ویلڈر تھا، جاں بحق ہوگیا۔ آتشزدگی کے دوران اسپتال کے مختلف شعبوں میں دھواں بھر جانے سے درجنوں افراد متاثر ہوئے۔ بیشتر مریضوں کی حالت بھی غیر ہوگئی جنھیں دیگر محفوظ جگہوں پر منتقل کیا گیا۔

آخری اطلاعات تک آگ پر قابو پا لیا گیا تھا تاہم ممکنہ خطرے کے پیش نظر فائرفائٹرز موقع پر موجود تھے۔

ادھر نارتھ کراچی میں ناگن چورنگی فلائی اوور کے قریب میں ایک پیٹرول پمپ پر آگ بھڑک اٹھی۔ بتایا جاتا ہے کہ پیٹرول پمپ پر آئل ٹینکر سے پیٹرول کی منتقلی کے دوران آگ بھڑکی جس نے پیٹرول پمپ کو بھی لپیٹ میں لے لیا۔

اس آگ سے پٹرول پمپ کو نقصان پہنچا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں