کراچی میں عمارت سے مدفون جنگی اسلحہ کی برآمدگی، 3 مالکان پر مقدمہ درج

کراچی کے اولڈ سٹی ایریا کے علاقے بھیم پورہ کے مکان سے بڑی تعداد میں مدفون اسلحہ برآمد ہونے پر 3 مالکان پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلحہ برآمدگی کا مقدمہ نیپئر تھانے میں انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کر لیا گیا ہےجس میں مختلف اوقات میں پگڑی پر رہے تین مالکان کو نامزد کیا گیا ہے۔ 

تھانے کے ایس ایچ او ظفر اقبال کے مطابق نیپئر تھانے میں درج ایف آئی آر نمبر 11/22 میں سپرمارکیٹ کے ایس ایچ او محمد ریاض مدعی ہیں۔ 

مقدمہ زیر دفعہ 24 سندھ رینجرز ایکٹ 2013 اور انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7 اے ٹی اے درج کیا گیا ہے۔

 ایف آئی آر کے مطابق برآمد ہونے والے اسلحے میں 66 ریوالور، اسٹین گن کی 183 بیرلز شامل ہیں۔ اینٹی ائیر کرافٹ گن کی 16 بیرلز کے علاوہ دیگر اسلحہ شامل ہے۔ کافی عرصہ پہلے یہ مکان سلیم نے پگڑی پر لے رکھا تھا، بعد میں محمد شفیق کو فروخت کیا۔ ایف آئی آر میں سلیم میمن، محمد شفیق اور محمد فاروق نامزد ملزمان ہیں۔

 نیپئر پولیس کے مطابق مقدمہ کے تحت کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، مزید کرداروں کو بھی تلاش کیا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں