شاہ رخ جتوئی کے ایک بار پھر جیل کے بجائے اسپتال میں آرام دہ زندگی گزارنے کا انکشاف ہوا ہے۔
کراچی کی سڑک پر کھلے عام نوجوان شاہ زیب کو گولیاں مار کر قتل کرنے والا سزا یافتہ مجرم شاہ رخ جتوئی مبینہ طور پر 8 ماہ سے کراچی کے نجی و غیر معروف اسپتال میں ٹھاٹ سے رہ رہا تھا۔
سندھ پولیس نے شاہ زیب قتل کیس کے مجرم شاہ رخ جتوئی کے نجی اسپتال میں منتقلی کی تصدیق کر دی۔
ڈی آئی جی جیل خانہ جات نے کہا کہ مجرم چار ماہ اسپتال میں رہا جب کہ اسپتال انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ شاہ رخ جتوئی کمر میں تکلیف کے باعث زیر علاج تھا۔
دوسری جانب سربراہ قمر الاسلام اسپتال سید معین ہمدانی نے کہا کہ مجرم شاہ رخ جتوئی کی نگرانی پر چوبیس گھنٹے پولیس اہلکار مامور تھے،10 جنوری کی صبح مجرم کی ہی اچانک درخواست پر اسے اسپتال سے فارغ کیا گیا۔
ڈی آئی جی جیل خانہ جات کراچی ناصر خان کے مطابق ٹیلیفونک گفتگو میں بتایا کہ جیل ڈاکٹر کے علاوہ سول اسپتال کے ڈاکٹر نے بھی شاہ رخ جتوئی کو اسپتال منتقل کرنے کی تجویز دی تھی، سرکاری اسپتال میں علاج کی سہولت دستیاب نہ ہونے پر ہی قیدی کوپرائیوٹ اسپتال بھیجا جاتا ہے۔
انہوں نے مجرم شاہ رخ جتوئی کو لاحق بیماری سے متعلق لاعلمی کا اظہار کیا۔
جیل حکام کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ کی اجازت اور قانونی تقاضے مکمل ہونے کے بعد ہی مجرم کو جیل سے علاج کے لئے اسپتال روانہ کیا گیا تھا۔
ذرائع محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ شاہ رخ جتوئی کو میڈیکل بورڈ کے بغیر اسپتال منتقل کیا گیا۔اس حوالے سے محکمہ صحت کو جیل یا محکمہ داخلہ کا کوئی خط نہیں ملا۔