اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی سانحہ مری پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پوری اپوزیشن کا مطالبہ ہے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کے دوران ن لیگ کےمرکزی صدر میاں شہباز شریف نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ سانحہ مری کی تحقیقات کے لیے جودیشل کمیشن بنایا جائے اور وزیراعظم عمران خان استعفیٰ دیں۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ جو شخص بھی مشکل میں ہو اس کی مدد کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن ہم مری میں پھنسے ہوئے لوگوں کی وہ مدد نہیں کرسکے جو کرنی چاہیے تھی۔
انہوں ںے کہا کہ جب لاکھوں لوگ مری پہنچے تووزیرصاحب نے ویلکم کیا کہ معیشت بہترہو گئی ہے مگر دوسرے ہی دن اسی وزیر صاحب نے کہا کہ اتنے لوگوں کو مری نہیں جانا چاہیے تھا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ جب بھی کوئی حادثہ ہوتا ہے توموجودہ حکومت متاثرہ لوگوں کو موردالزام ٹھہرا دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مری واقعہ کا جو بھی ذمہ دار ہے اس کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔
چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے کہا کہ نئے پاکستان میں صرف عوام کا خون سستا ہوا ہے باقی ہرچیزمہنگی ہوئی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سانحہ مری کے وقت وزیراعلیٰ پنجاب پی ٹی آئی کی میٹنگ میں مصروف تھے اور جب معاملہ مینج ہو گیا تو مری کا فضائی دورہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مری نہیں جا سکتے تھے تو متاثرہ خاندانوں کے پاس ہی چلے جاتے۔