وزیراطلاعات فواد چوہدری سمیت تحریک انصاف کے رہنماوں فیصل واوڈا،فرخ حبیب اورصداقت عباسی کی نااہلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا گیا۔
گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کی بہو،پوتے اورپوتی کی جانب سے 62 ون ایف کے تحت تحریک انصاف کے چاروں رہنماوں کے خلاف نااہلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دی گئی۔
درخواست میں 2 اینکرز،ایک نجی چینل ،رجسٹرارگلگت بلتستان سپریم اپلیٹ کورٹ،رجسٹرار شہید ذوالفقارعلی بھٹویونیورسٹی اورایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں میڈیا کو توہین عدالت کیس کے فیصلے تک رانا شمیم کی کردار کشی سے روکنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 2اینکرز اور ایک نجی چینل کو پیمرا کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر سزادی جائے۔
رجسٹرار سپریم اپیلیٹ کورٹ سے رانا شمیم کی تعیناتی،رانا شمیم کے بطور وائس چانسلر شہید ذوالفقارعلی بھٹو یونیورسٹی تعیناتی کا ایڈمنسٹریٹو ریکارڈ طلب کیاجائے۔
بطور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد حسن رانا کی 26 مئی سے یکم دسمبر 2018 تک اے سی آر طلب کی جائے۔
عدالت میں زیرسماعت توہین عدالت کیس کے فیصلے تک میڈیا، سوشل میڈیا، اینکرز کورانا شمیم کی کردار کشی سے روکا جائے اور فرخ حبیب کو نیشنل چینل پر معافی مانگنے کی ہدایت کی جائے۔