پاکستان پیپلزپارٹی نے حکومت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاں بحق افراد پر اپنی موت کی ذمہ داری عائد کرنا سفاکیت کی انتہا ہے۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے یہ مؤقف چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت منعقدہ پارٹی کے جنوبی پنجاب اجلاس میں اپنایا گیا۔
بلاول بھٹوکی زیر صدارت منعقدہ پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے اجلاس میں سانحہ مری میں جاں بحق افراد ہونے والے افراد کی ارواح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔
شرکائے اجلاس نے مشترکہ طور پر مطالبہ کیا کہ سانحہ مری کی شفاف انکوائری کرائی جائے اور غفلت کے مرتکب افراد کو کٹہرے میں لا کر سخت سزا دی جائے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے اس موقع پر کہا کہ ظالم حکمران عوام کو تکالیف دیتے رہیں اور میں خاموش بیٹھا رہوں، یہ نہیں ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا لانگ مارچ پاکستان کے ہر آدمی کے لیے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے احتجاج کا مقصد عوام کے ساتھ ہونے والے ظلم کا خاتمہ ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو شرکائے اجلاس کی جانب سے یقین دہانی کرائی گئی کہ جنوبی پنجاب میں لانگ مارچ کامیاب ہو گا۔ یہ یقین دہانی پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے عہدیداران کی جانب سے کرائی گئی۔