مری میں سیرو تفریح کے لیے جانے والے اسلام آباد کے ایک ہی خاندان کے7 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد سے تعلق رکھنے والا خاندان سیرو تفریح کے لیے مری گیا تھا جو شدید برفباری اور سردی میں پھنس گیا جس کے باعث خاندان کے تمام فراد کو گاڑی میں ہی رات گزارنا پڑی جس سے وہ جانبر نہ ہوسکے۔
ذرائع کا بتانا ہےکہ مری میں انتقال کرنے والے شہری کی شناخت نوید کے نام سے ہوئی ہے جو اسلام آباد پولیس کا اہلکار ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق نوید تھانہ کوہسار کا اسسٹنٹ سب انسپکٹر ( اے ایس آئی ) تھا جو چھٹی لے کر خاندان کے ہمراہ سیرو تفریح کے لیے مری گیا تھا لیکن بدتر صورتحال میں یہ تمام افراد جانبر نہ ہوسکے۔
واضح رہے کہ مری میں سیاحوں کے شدید رش اور برفباری کی وجہ سے ہزاروں گاڑیاں پھنس گئیں جب کہ 19 افراد کی گاڑیوں میں ہی اموات ہوچکی ہے جس کی تصدیق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کی۔
پنجاب حکومت کی جانب سے مری کو آفت زدہ قرار دے کر ایمرجنسی نافز کردی گئی ہے۔