گوادر میں موسلادھار بارشوں کے بعد پیدا ہونی والی صورت حال کے پیش نظر اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات میں اضافہ کردیا گیا۔
ڈپٹی کمشنرگوادرکا کہنا ہےکہ گوادرکے تمام نجی اور سرکاری اسکول 6 جنوری تک بند رہیں گے۔
ڈپٹی کمشنرکے مطابق گوادرکے اسکول موسم سرما کی تعطیلات کے بعد4 جنوری کو کھلنے تھے تاہم بارشوں کے بعد کی صورتحال کے پیش نظر تعطیلات میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
خیال رہےکہ موسلا دھار بارشوں کے بعدگوادر میں نکاسی آب کا نظام درہم برہم ہونے سے بارش اورسیوریج کاپانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے اور سڑکوں پر جگہ جگہ پانی کھڑا ہے۔
صوبائی حکومت نے صورت حال کے پیش نظرگوادرکو آفت زدہ قرار دے دیا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہےکہ آفت زدہ قرار دینےکا نوٹی فیکشن جلد جاری کیا جائےگا۔
عبدالقدوس بزنجوکا کہنا ہےکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) سے ابھی مدد نہیں مانگی، ضرورت پڑی تو بات کریں گے۔