اراکین پارلیمنٹ میں سے کس نے کتنا ٹیکس دیا ہے اس حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس ڈائریکٹری جاری کردی۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ ٹیکس ڈائریکٹری سال 2019 کے ٹیکس گوشواروں پر مشتمل ہے۔
اس میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی آمدنی 4 کروڑ 35 لاکھ روپے تھی جبکہ انہوں نے سال 2019 میں 98 لاکھ 54 ہزار 959 روپے ٹیکس دیا تھا۔
اسی طرح قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی آمدنی 5 کروڑ 63 لاکھ روپے تھی اور انہوں نے 82 لاکھ 42 ہزار روپے ٹیکس دیا تھا۔
سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی آمدنی 28 کروڑ 26 لاکھ روپے تھی جبکہ انہوں نے ٹیکس کی مد میں 22 لاکھ 18 ہزار روپے دیے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سال 2019 میں 3 کروڑ 81 لاکھ روپے کمائے اور انہوں نے ٹیکس 5 لاکھ 35 ہزار روپے کا دیا۔
ادھر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی آمدنی صرف 9 لاکھ 38 ہزار روپے تھی اور انہوں نے 2019 میں 2 ہزار روپے ٹیکس دیا۔
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کی آمدنی 5 کروڑ 70 لاکھ روپے تھی اور ان کی جانب ٹیکس کی مد میں دی جانے والی رقم 10 لاکھ 99 ہزارروپے ٹیکس ادا کیا۔