پاکستان کا افغانستان کی عوام کو گندم کا تحفہ

پاکستان کی جانب سے افغانستان کی عوام کے لیے گندم کا تحفہ دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اسٹیبلشمنٹ محمد شہزاد ارباب نے 1800 ٹن گندم کی پہلی کھیپ افغان وزیر ملا عباس اخوند کے حوالے کر دی ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اسٹیبلشمنٹ محمد شہزاد ارباب کا کہنا ہے کہ پاکستان کوشاں ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو۔

محمد شہزاد ارباب کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پاکستان مجموعی طور پر 50000 ٹن گندم افغانستان کو فراہم کر رہا ہے۔

شہزاد ارباب نے کہا کہ پاکستان افغان عوام کے لیے خوراک، ادویات اور سرد موسم سے بچاؤ کا سامان مہیا کر رہا ہے کیونکہ پاکستان کوشاں ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو۔

شہزاد ارباب نے کہا کہ خطے کا امن و استحکام افغانستان کے امن سے وابستہ ہے، عالمی برادری افغانستان کے امن اور معاشی استحکام کےلئے کردار ادا کرے۔

واضح رہے کہ ملا عباس اخوند نے حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔

کچھ روز قبل افغان وزیرخارجہ نے کہا تھا کہ داعش یا کوئی اور لوگ کچھ نہیں کرسکتے کیونکہ افغان لوگ امن چاہتے ہیں، ہماری سیاست آج کل ایک متوازن سیاست ہے۔

افغان وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ہمارا جھکاؤکسی ایک طرف نہیں ہے بلکہ ہمارے تمام مسلم اور دیگر دوست ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں جبکہ پاکستان کے ساتھ بہت ہی اچھے تعلقات ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں